ایچ ای سی نے مکتب ڈیجیٹل سسٹم لانچ کردیا

ایچ ای سی نے مکتب ڈیجیٹل سسٹم لانچ کردیا

پہلے مرحلے میں 25 سرکاری جامعات شامل، ڈیجیٹل تعلیمی ریکارڈ محفوظ

ملتان (خصوصی رپورٹر)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے مکتب کے نام سے ایک نیا ڈیجیٹل نظام لانچ کر دیا ہے ۔ اس سسٹم کے ذریعے طلبہ کے داخلے ، تعلیمی کارکردگی، ٹرانسکرپٹس اور ڈگریوں کا مکمل اور محفوظ ڈیجیٹل ریکارڈ رکھا جائے گا۔ایچ ای سی کے مطابق مکتب ڈیجیٹل سسٹم کے پہلے مرحلے میں ملک بھر کی 25 سرکاری جامعات کو شامل کیا گیا ہے ، جبکہ آئندہ مراحل میں اس کا دائرہ کار تمام سرکاری یونیورسٹیوں تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔ اس نظام کا بنیادی مقصد شفافیت کو فروغ دینا، وقت کی بچت کرنا اور داخلے سے لے کر ڈگری کے اجرا تک طلبہ کے تعلیمی سفر کی مؤثر نگرانی کو ممکن بنانا ہے۔

وزیر مملکت قمر نے اس موقع پر کہا کہ یہ پلیٹ فارم ایک ہی پورٹل پر ہر طالب علم کے تعلیمی سفر کی مکمل نگرانی کی سہولت فراہم کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سسٹم کو محفوظ اور مؤثر انداز میں چلانے کے لئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال بھی کیا جائے گا، تاکہ ڈیٹا سکیورٹی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے ۔مکتب سسٹم کے ذریعے تعلیمی اداروں میں احتساب کو مضبوط بنایا جائے گا اور ڈیجیٹل ٹینڈرنگ، جانچ پڑتال اور انتظامی امور کو بھی زیادہ شفاف بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ طلبہ اور والدین ای کچہریوں اور ڈیجیٹل پورٹلز کے ذریعے براہِ راست شکایات درج کرا سکیں گے۔ جس سے نگرانی اور سروس ڈیلیوری میں نمایاں بہتری آئے گی۔ابتدائی مرحلے میں مکتب سسٹم کے تحت بی ایس پروگرامز کے داخلے شامل کئے گئے ہیں، جس سے تقریباً 4 ہزار طلبہ مستفید ہوں گے ، جبکہ بعد ازاں دیگر تعلیمی پروگرامز کو بھی مرحلہ وار اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں