فلتھ ڈپوز، کچراکنڈیوں، خالی پالٹوں کی صفائی کیلئے گرینڈ آپریشن

فلتھ ڈپوز، کچراکنڈیوں، خالی پالٹوں کی صفائی کیلئے گرینڈ آپریشن

شہر میں 170پلاٹوں کو صفائی کیلئے منتخب کرلیا،بھاری مشینری استعمال کی جائیگی

ملتان(خصوصی رپورٹر) ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے شہر بھر میں فلتھ ڈپوز، کچرا کنڈیوں اور خالی پلاٹوں کی صفائی کیلئے گرینڈ صفائی آپریشن کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس خصوصی مہم کے تحت اوپن ڈمپنگ پوائنٹس، خالی پلاٹوں، رہائشی علاقوں اور گلی محلوں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا عمل تیز کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے ۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے کہا کہ صفائی آپریشن میں بھاری مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے ، جس کے ذریعے برسوں سے جمع شدہ کوڑا کرکٹ اور ملبہ صاف کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر شہر کے مختلف علاقوں میں 170 سے زائد خالی پلاٹوں کو صفائی کیلئے مارک کر لیا گیا ہے ، جہاں مرحلہ وار کارروائی جاری ہے۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے گلگشت اور ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور فیلڈ میں جاری صفائی آپریشن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عملے کی حاضری، مشینری کی کارکردگی اور صفائی کے معیار کو چیک کیا اور ہدایت کی کہ خالی پلاٹوں اور رہائشی علاقوں میں صفائی کے عمل کو مزید موثر بنایا جائے۔ سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے کہا کہ صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے نجی کنٹریکٹرز کو حتمی وارننگ جاری کر دی گئی ہے ، ناقص کارکردگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کے عمل کی کڑی مانیٹرنگ کیلئے خصوصی فیلڈ سٹاف تعینات کیا گیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی کی رپورٹ مرتب کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں