میپکو ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف گرینڈ آپریشن جاری
بہاولپور اور مظفرگڑھ میں رینجرز و پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو)ریجن میں سرد موسم کے دوران بجلی چوری کے خلاف ڈے اینڈ نائٹ آپریشن بلاامتیاز جاری ہے ۔ بہاولپور، جتوئی اور مظفرگڑھ میں متعدد بجلی چور پکڑے گئے جبکہ نادہندگان سے لاکھوں روپے واجبات وصول کئے گئے ۔سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو مظفرگڑھ سرکل ساجد حسین گوندل اور ونگ کمانڈر رینجرز کی نگرانی میں جتوئی سب ڈویژن کے علاقوں بستی خروس، بستی جوگی والا، بستی مانگنی، بستی لانجو والا، بستی گمن گوپانگ، ہسپتال چوک جتوئی اور بستی جلو سوہو میں آپریشن کیا گیا۔
ایکسین خان گڑھ ڈویژن مقصود علی میمن اور ایس ڈی او جتوئی کی سربراہی میں میپکو، رینجرز اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کنڈی سسٹم کے ذریعے بجلی چوری کرنے والے 16 افراد کو پکڑا، جن میں سے 6 کو حراست میں لے کر حوالات منتقل کیا گیا۔ بجلی چوری میں استعمال ہونے والے میٹرز اور تار بھی ضبط کر لی گئیں۔گرینڈ آپریشن کے دوران رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے 12 لاکھ 84 ہزار روپے واجبات وصول کئے گئے جبکہ عدم ادائیگی پر ایک ٹرانسفارمر اور 600 فٹ کنڈکٹر اتار لیا گیا۔ بجلی چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لئے درخواستیں بھیج دی گئیں۔ بہاولپور سرکل میں بھی بجلی چوری، میٹر ٹیمپرنگ اور ٹیرف کے غلط استعمال کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، متعدد بے ضابطگیاں پکڑی گئیں اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔