کشمیریوں کی جدوجہد آزادی قابل تحسین، احمد مجتبیٰ
بھارت مقبوضہ خطے میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کررہا
ملتان (لیڈی رپورٹر)سابق ایم پی اے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید احمد مجتبیٰ گیلانی اور سیاسی و سماجی رہنما میاں محمد عظیم سعید نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی قابلِ تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنے قیام سے ہی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی توانا آواز رہی ہے ۔رہنماؤں کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا جبکہ بینظیر بھٹو شہید نے بھی ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کے حقوق کی مؤثر وکالت کی۔ موجودہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی پارٹی پالیسی کے مطابق کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں قابلِ مذمت ہیں۔