انتظامی غفلت، 3 لاکھ اساتذہ کو آن لائن کارکردگی رپورٹ جمع کرانے میں مشکلات

انتظامی غفلت، 3 لاکھ اساتذہ کو آن لائن کارکردگی رپورٹ جمع کرانے میں مشکلات

2سال سے رپورٹ جمع نہ کرائی جاسکی ، لاکھوں اساتذہ سنیارٹی مکمل ہونے کے باوجود ترقیوں سے محروم،اے سی آر ایپ دو سال سے غیر فعال،شعبہ ایچ آر بحالی میں ناکام

ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کی مبینہ سستی اور انتظامی ناکامی کے باعث صوبے بھر کے تقریباً تین لاکھ اساتذہ گزشتہ دو سال سے سالانہ کارکردگی رپورٹ (اے سی آر)آن لائن جمع کروانے کے لئے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ آن لائن جمع نہ ہونے کے سبب لاکھوں اساتذہ سنیارٹی مکمل ہونے کے باوجود ترقیوں سے محروم چلے آ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی جانب سے تیار کردہ (اے سی آر)ایپ گزشتہ دو برسوں سے غیر فعال ہے ، جبکہ پروگرام مانیٹرنگ اینڈ ایمپلی منٹیشن یونٹ بھی ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم ایپ کو مؤثر انداز میں چلانے میں ناکام رہا ہے۔

دستیاب دستاویزات کے مطابق اساتذہ کی آن لائن (اے سی آر)آخری بار سال 2023 میں جمع کی گئی تھی، جبکہ سال 2024 اور 2025 کی سالانہ کارکردگی رپورٹس تاحال وصول نہیں کی جا سکیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی سالانہ کارکردگی رپورٹس صرف 2020 سے 2023 کے دوران ہی جمع کی جا سکی تھیں۔ واضح رہے کہ محکمہ کی پالیسی کے تحت اساتذہ کی ترقیوں کی منظوری آن لائن (اے سی آر)کی بنیاد پر دی جانی تھی، تاہم سسٹم کی مسلسل خرابی اور انتظامی نااہلی کے باعث ترقیوں کا عمل تعطل کا شکار ہے ، جس پر اساتذہ میں شدید بے چینی پائی جا رہی ہے۔اساتذہ تنظیموں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پنجاب فوری طور پر (اے سی آر) سسٹم کو فعال بنائے اور زیر التواء سالانہ کارکردگی رپورٹس کی تکمیل کو یقینی بنا کر اساتذہ کو ان کا جائز حق دیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں