اسلام آباد دھماکا ،حملہ آور فوری گرفتار کئے جائیں،امن کمیٹی

اسلام آباد دھماکا ،حملہ آور فوری گرفتار کئے جائیں،امن کمیٹی

رہنماؤں کا ورثاء سے اظہارافسوس وہمدردی، شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا

مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)سول سوسائٹی اور متحدہ علماء مشائخ امن کمیٹی کے رہنماؤں نے ترلائی اسلام آباد میں امام بارگاہ پر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید اور دوٹوک الفاظ میں مذمت کی ہے ۔رہنماؤں نے اس افسوسناک واقعے کو ایک بزدلانہ،شرمناک اور انسانیت دشمن کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا کھلی دہشت گردی ہے جس کا کسی مذہب،مسلک یا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں،سول سوسائٹی اور متحدہ علماء مشائخ امن کمیٹی کے رہنماؤں رانا محمد افضل،سید عبدالمعبود آزاد،قاری عبدالغنی ثاقب،شیخ ابو ہریرہ،ملک جاوید اختر،سید امیر حسن،شیخ عامر سلیم،پروفیسر افتخار احمد ہاشمی،رانا عمر دراز فاروقی،سید غضنفر عباس نقوی،سید سلمان نقوی،سید اختر حسین بخاری اور پیر رب نواز سیال نے مشترکہ بیان میں شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی گئی کہ وہ شہداء کے درجات بلند فرمائے ، ان کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا کرے جبکہ زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ نصیب فرمائے ۔رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر اور اس کے منصوبہ سازوں کو فوری طور پر گرفتار ،شفاف تحقیقات کے ذریعے حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں