بلند پور میں آوارہ کتوں کے حملے ، غریب مزدور متاثر

بلند پور میں آوارہ کتوں کے حملے ، غریب مزدور متاثر

چوتھی بکری زخمی ہونے پر کتا مار مہم اور انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات

میلسی (نامہ نگار)میلسی کے نواحی علاقے بلند پور میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، غریب مزدور کی چوتھی بکری بھی کتوں کے حملے کا نشانہ بن گئی۔ یونین کونسل 96 بلند پور کے علاقہ کھوہ باغ والا میں آوارہ کتوں نے محمد ریاض بھٹی نامی مزدور کی بکری پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ متاثرہ شخص کے مطابق یہ چوتھا موقع ہے کہ اس کی بکریاں آوارہ کتوں کے حملے کا شکار ہوئی ہیں۔محمد ریاض بھٹی نے بتایا کہ اس سے قبل بھی اس کی تین بکریاں کتوں کے حملے میں ہلاک ہو چکی ہیں، جنہیں بعد ازاں زمین میں دفن کرنا پڑا۔ ان واقعات کے باعث اس کی معمولی آمدن کو شدید نقصان پہنچا ہے اور اس کے لیے گھر کا خرچ چلانا مشکل ہو گیا ہے ۔ بکریاں ہی اس مزدور کی روزی روٹی کا واحد ذریعہ تھیں، واقعے نے مقامی انتظامیہ کی کارکردگی اور حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کتا مار مہم کے دعوؤں پر بھی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔ ایک طرف صوبے بھر میں آوارہ کتوں کے خاتمے کے لیے مہم چلانے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب بلند پور جیسے علاقوں میں آوارہ کتوں کی بھرمار اور ان کے حملے انتظامیہ کی عدم توجہی کا واضح ثبوت ہیں۔ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کی تلفی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں