زکریا یونیورسٹی میں لاء امتحانات غیر معینہ مدت تک ملتوی
طلبہ کے متوقع احتجاجی دباؤ کے باعث سالانہ امتحانات کا نوٹیفکیشن جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)زکریا یونیورسٹی ملتان میں لاء طلبہ کے متوقع احتجاج کے پیش نظر یونیورسٹی انتظامیہ نے فوری اقدام کرتے ہوئے ایل ایل بی پانچ سالہ پروگرام کے سالانہ امتحانات غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیئے ہیں۔ اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ۔اعلامیے کے مطابق ایل ایل بی (5 سالہ پروگرام) پارٹ اوّل اور دوم کے سالانہ امتحانات 2022، جبکہ پارٹ سوم، چہارم اور پنجم کے سالانہ امتحانات 2023 جو 9 فروری 2026 سے شروع ہونے تھے ، فوری طور پر تا حکمِ ثانی ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ طلبہ کی جانب سے امتحانات میں شرکت سے روکنے ، رول نمبر سلپس اور دیگر انتظامی معاملات پر شدید تحفظات کے بعد کیا گیا۔ طلبہ تنظیموں اور لاء سٹوڈنٹس کمیشن نے پریس کانفرنس اور احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا تھا، جس کے باعث یونیورسٹی انتظامیہ کو صورتحال کے بگڑنے کا خدشہ لاحق تھا۔لاء طلبہ نے مؤقف اختیار کیا کہ انتظامی نااہلی اور بروقت فیصلوں کی کمی کی وجہ سے طلبہ کا تعلیمی مستقبل داؤ پر لگ رہا ہے ۔ طلبہ رہنماؤں نے کہا کہ جب تک بنیادی مسائل حل نہیں کئے جاتے ، احتجاج کا حق برقرار رہے گا۔یونیورسٹی انتظامیہ نے نئی امتحانی تاریخوں کے اعلان کے لئے تا حکمِ ثانی انتظار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جبکہ طلبہ حلقوں میں یہ فیصلہ احتجاجی دباؤ کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے ۔