فوڈاتھارٹی کا آپریشن،سینکڑوں لٹر مضر صحت دودھ سپلائی کرنیکی کوشش ناکام
بہاولپور بائی پاس پر کارروائی، 650لٹر سفید زہر برآمد کرکے تلف کردیا گیا، فریش ملک سپلائی چین کی نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا ہے ، ڈی جی فوڈ
ملتان( لیڈی رپورٹر)فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان کے داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کا عمل تیز کرتے ہوئے ،علی الصبح بہاولپور بائی پاس پر ایک منظم کارروائی کے دوران ملاوٹی دودھ کی بڑی کھیپ پکڑ کر تلف کر دی ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیفٹی ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران شہر میں داخل ہونے والے ایک بڑے ملک ٹینکر کو معائنے کے لئے روکا۔ جدید ترین موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹری اور لیکٹو اسکین مشینوں کے ذریعے موقع پر ہی دودھ کے نمونوں کا کیمیائی تجزیہ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق، دودھ میں بڑے پیمانے پر پانی کی آمیزش پائی گئی، جس کے باعث دودھ کی قدرتی کثافت اور فیٹس کی مقدار مقررہ سرکاری معیار سے انتہائی کم تھی۔ انسانی صحت کے لئے مضر 650 لٹر سفید زہر موقع پر ہی تلف کر دیا گیا اور ذمہ داران کو فوڈ سیفٹی ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر سخت قانونی وارننگ جاری کی گئی۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں اور شہریوں کی بنیادی غذا دودھ میں ملاوٹ کرنا محض ایک جرم نہیں بلکہ انسانی زندگیوں سے سنگین کھلواڑ ہے ۔ ہم نے فریش ملک سپلائی چین کی ہمہ وقت مانیٹرنگ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا ہے تاکہ کوئی بھی ملاوٹ خور شہریوں کی صحت سے نہ کھیل سکے ۔ مزید انہوں نے کہا عوام الناس کی سہولت کے لئے پنجاب بھر کے تمام دفاتر میں دودھ ٹیسٹنگ کی سہولت بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے ۔ کوئی بھی شہری اپنے گھر آنے والے دودھ کا نمونہ لے کر قریبی دفتر سے اس کے خالص ہونے کی تصدیق کروا سکتا ہے ۔