مسلم لیگ ن کا حکومت سے اظہار تشکر کیلئے عوامی ریلی کا انعقاد

مسلم لیگ ن کا حکومت سے اظہار تشکر کیلئے عوامی ریلی کا انعقاد

میلسی (نمائندہ دنیا، نامہ نگار) حکومتی کارکردگی اور عوامی فلاحی منصوبوں کے اعتراف میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے میلسی شہر میں ایک بڑی عوامی اظہارِ تشکر ریلی نکالی گئی،

جس کی قیادت سابق رکن قومی اسمبلی سعید احمد خان منیس اور سابق صوبائی وزیر آصف سعید خان منیس نے کی۔ ریلی میں پارٹی کارکنان، سماجی شخصیات، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کے شرکاء نے حکومت کی کارکردگی کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوام دوست پالیسیوں سے متعلق نعرے درج تھے ۔ ریلی کا آغاز میونسپل کمیٹی سے ہوا اور ریلوے چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے حکومت کے حق میں بھرپور نعرہ بازی کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے سعید احمد خان منیس اور سابق صوبائی وزیر آصف سعید خان منیس نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ٹف ٹائل کی تنصیب، ہمت کارڈ، اپنی چھت اپنا گھر پروگرام، صحت کارڈ کے تحت مفت علاج، سرکاری ہسپتالوں میں جدید طبی آلات کی فراہمی، تعلیمی اداروں میں بہتری اور سکولوں کی اپ گریڈیشن حکومت کی مؤثر پالیسیوں کا واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار اور ہنر مندی کے پروگرام، سی سی ڈی اور پیرا فورس کا قیام، پنجاب بھر میں صفائی کے بہتر انتظامات، سستے آٹے کی فراہمی، رمضان ریلیف پیکیج، احساس اور سوشل پروٹیکشن پروگرام، صاف پانی اسکیم اور انفراسٹرکچر کی بہتری سے عوام کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔ ان منصوبوں سے نہ صرف سہولیات میں اضافہ ہوا بلکہ ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں