95 ہزار خاندانوں تک کارڈز کی ترسیل کے انتظامات مکمل
انتظامیہ کی زیر نگرانی پی ایس ای آر کی ٹیمیں گھر گھر جا کر کارڈز تقسیم کریں گی
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) مریم نواز حکومت کی ہدایت پر ضلع خانیوال میں نگہبان رمضان راشن کارڈ کی 95 ہزار مستحق خاندانوں تک باعزت ترسیل کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں پی ایس ای آر کی ٹیمیں گھر گھر جا کر کارڈز کی تقسیم کریں گی تاکہ مستحقین کو بروقت سہولت فراہم ہو سکے ۔ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید کی زیر صدارت اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مصطفیٰ سیہڑ اور ڈسٹرکٹ منیجر پی ایس ای آر سلطان حیدر نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، پیرا، محکمہ زراعت، پولیس اور لوکل گورنمنٹ کے افسران بھی شریک ہوئے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں 65 ہزار رجسٹرڈ افراد میں کارڈز تقسیم کیے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ اگر کسی مستحق کا کارڈ ایکٹو نہ ہو تو تحصیل زراعت دفاتر میں قائم مراکز فوری طور پر فعال کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کارڈز کی حقداروں تک باعزت فراہمی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی غیر قانونی کٹوتی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ، تاکہ عوام کو شفاف اور حقیقی ریلیف مل سکے ۔