رمضان دسترخوان، کوتاہی برداشت نہ کی جائے :بلال سلیم
سہولیات کی فراہمی ترجیح ، محکمے باہمی تعاون سے اہداف حاصل کریں: ڈی سی
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں نگہبان رمضان پیکج، رمضان المبارک میں دسترخوان کے انتظامات، مخیر حضرات کے تعاون، ضلع بھر میں بیوٹیفکیشن پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میڈم قدسیہ ناز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی، اسسٹنٹ کمشنر میر رومان خلیل، اسسٹنٹ کمشنر چوک سرور شہید جام محمد اسلم اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رمضان دسترخوان کے مقامات، خوراک کے معیار، صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے ۔ شہریوں اور مخیر حضرات کے لگائے گئے دسترخوانوں کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہوں۔اجلاس میں بیوٹیفکیشن منصوبوں، پارکس، شاہراہوں اور سرکاری عمارات کی خوبصورتی میں اضافے کے حوالے سے مقررہ وقت میں معیاری کام کی ہدایات دی گئیں۔ KPIs کے جائزے میں شفافیت، بروقت تکمیل اور مؤثر مانیٹرنگ پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور تمام محکمے باہمی تعاون سے اہداف حاصل کریں۔ اجلاس کے اختتام پر متعلقہ افسران کو حکومتی ویژن کے مطابق عملی اقدامات کی ہدایات جاری کی گئیں۔