آف سیزن کپاس مہم، گلابی سنڈی کے تدارک کے اقدامات تیز
محکمہ زراعت پنجاب کی فیلڈ سرگرمیاں، کاشتکاروں کو احتیاطی ہدایات جاری
ملتان (وقائع نگار خصوصی) ایم پی اے اور چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی ریونیو پنجاب صاحبزادہ میاں محمد شعیب اویسی نے کہا ہے کہ محکمہ زراعت پنجاب کپاس کی آف سیزن مینجمنٹ مہم کو مؤثر اور منظم انداز میں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ گلابی سنڈی جیسے خطرناک کیڑے کے پھیلاؤ کو بروقت روکا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی آئندہ فصل کے تحفظ کے لیے آف سیزن اقدامات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔صاحبزادہ میاں محمد شعیب اویسی نے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں فیلڈ سطح پر کسان دوست اور نتیجہ خیز سرگرمیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے ، جس سے کاشتکاروں کو عملی رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے ۔محکمہ زراعت پنجاب کے شعبہ پیسٹ وارننگ کی ہدایات کی روشنی میں خانقاہ شریف میں کپاس کی آف سیزن مینجمنٹ سرگرمیوں کو مزید تیز کر دیا گیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ بہاولپور شاہد حسین نے فیلڈ دوروں کے دوران کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ کپاس کی برداشت کے بعد کھیتوں میں موجود چھڑیوں اور بچے کھچے ٹینڈوں کو فوری طور پر تلف کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی چھڑیوں کو چھوٹے گٹھوں کی شکل میں نچلا سرا زمین کی جانب رکھ کر ترتیب دیا جائے اور ہر پندرہ دن بعد ان کی الٹ پلٹ کو یقینی بنایا جائے ، جبکہ ذخیرہ شدہ کپاس کے بیج کو ایلومینیم فاسفائیڈ کی دھونی دے کر محفوظ بنایا جائے ۔