بلڈر ذوالفقار قتل کیس ،ہائیکورٹ نے ملزم بری کردئیے

بلڈر ذوالفقار قتل کیس ،ہائیکورٹ  نے ملزم بری کردئیے

ملتان (کورٹ رپورٹر) ہائی کورٹ ملتان بینچ کے ججز جسٹس چودھری شہرام سرور اور سردار اکبر علی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے خانیوال کے علاقے چھب کلاں میں اسلام آباد کے بلڈر ذوالفقار کے ڈکیتی کے دوران قتل کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔۔۔

 عدالت نے سزا یافتہ ملزموں کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دے دیا۔استغاثہ کے مطابق مئی 2023 میں اسلام آباد کے ڈویلپر اور بلڈر ذوالفقار اپنے بیٹے شاہد ذوالفقار کے ہمراہ کاروباری سلسلے میں خانیوال آ رہے تھے کہ راستے میں ملزمان نے انہیں روک لیا۔ مزاحمت پر ذوالفقار کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ واقعے کا مقدمہ بعد ازاں درج کیا گیا اور تفتیش کے دوران ملزمان کو نامزد کیا گیا۔ایڈیشنل سیشن جج کبیر والہ نے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے عمر دراز عرف عمری کو سزائے موت اور محمد خان عرف بابر کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ ایک ملزم کو بری کر دیا گیا تھا۔ اس فیصلے کے خلاف ملزمان نے ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کیں۔سماعت کے دوران فاضل بینچ نے قرار دیا کہ مقدمے میں شناخت پریڈ کی کارروائی قانون کے مطابق نہیں کی گئی۔ عدالت نے مزید کہا کہ وقوعہ رات دو بجے پیش آیا جبکہ جائے وقوعہ پر روشنی کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں تھا جس سے شناخت کا عمل مشکوک ہو جاتا ہے ۔عدالت نے قرار دیا کہ استغاثہ ملزموں کے خلاف ٹھوس اور قابلِ اعتماد شہادت پیش کرنے میں ناکام رہا، اس لیے انہیں شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا جاتا ہے ۔ملزموں کی جانب سے سید بدر رضا گیلانی نے پیروی کی جبکہ جیمز جوزف، عثمان شریف کھوسہ اور دیگر وکلاء بھی عدالت میں پیش ہوئے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں