محکمہ سوئی گیس نے گلی محلے کھود ڈالے ، ڈی سی کا نوٹس

محکمہ سوئی گیس نے گلی محلے کھود ڈالے ، ڈی سی کا نوٹس

میونسپل کمیٹی نے مختلف علاقوں میں جاری محکمہ سوئی گیس کا کام بند کروادیااوزار ضبط ،این او سی اور فیس کے بغیر کھدائی پر ایکسین کو مراسلہ جاری

مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر) سوئی گیس کے نئے پلاسٹک پائپ بچھانے کے لیے محکمہ سوئی گیس نے شہر بھر کے تمام گلی محلے کھود ڈالے ، نئی اور بہترین حالت میں بنی گلیاں اکھاڑ ڈالیں۔ شہری شکایات پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے نوٹس لے لیا۔ میونسپل کمیٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری محکمہ سوئی گیس کا کام بند کروادیا، اوزار ضبط کرلیے گئے ، جبکہ اجازت کے بغیر گلیاں، محلے اور سڑکیں این او سی کے بغیر اور فیس جمع کروائے بغیر کھودنے پر میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ نے ایکسین سوئی گیس کو مراسلہ جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ سوئی گیس نے زیرزمین لوہے کی بوسیدہ پائپ لائنوں کو تبدیل کرنے کے لیے گزشتہ ڈیڑھ سال سے پلاسٹک کی پائپ لائنیں بچھانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ، جس کے لیے گزشتہ ڈیڑھ سالوں میں سارے شہر کے گلی محلے اور سڑکیں کھود دی گئیں۔

وہ گلیاں اور محلے کھنڈر بنا دیے گئے جہاں ٹف ٹائلز اور سڑکیں بہترین حالت میں موجود تھیں۔گلیوں کی مرمت کے نام پر محکمہ سوئی گیس کا ٹھیکیدار گلی محلوں میں اونچی نیچی ٹف ٹائلز لگاکر رفو چکر ہوگیا، جبکہ کنکریٹ اور میٹل روڈز کو صرف مٹی سے بھر کر ضلعی افسران کی آنکھوں میں دھول جھونکی گئی۔شہر بھر میں محکمہ سوئی گیس کی غیر قانونی اکھاڑ پچھاڑ پر شہریوں نے شکایات درج کروائیں۔، تو ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے نوٹس لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر میونسپل کمیٹی کے عملے نے علی پور روڈ، تلیری بائی پاس روڈ، گارڈن روڈ اور جھنگ روڈ پر محکمہ سوئی گیس کے ٹھیکیدار کی جانب سے جاری کام رکوا دیا اور کھدائی کے آلات بھی قبضے میں لے لیے ۔دوسری جانب، میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کے میونسپل آفیسر ریگولیشنز نے ایکسین محکمہ سوئی گیس مظفرگڑھ حسن رضا کاظمی کو مراسلہ جاری کردیا۔ مراسلے میں کہا گیا کہ میونسپل کمیٹی کی اجازت اور این او سی کے بغیر محکمہ سوئی گیس کی جانب سے کام جاری ہے ، جو لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025ء کی واضح خلاف ورزی ہے ۔اس لیے این او سی کے حصول تک میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کی حدود میں جاری کام کو فوری طور پر روکا جائے ، این او سی کی فیس ادا کی جائے ، اور اگر این او سی جاری ہوجاتی ہے تو کام کے دوران حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور گڑھوں اور مین ہولز کو مکمل طور پر کور کیا جائے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں