سرائیکی وسیب سے سوتیلا سلوک ناقابل قبول ، ملک نسیم لابر
پیپلزپارٹی عوامی طاقت سے جنوبی پنجاب صوبہ بنا کر حقوق دلائے گی
ملتان (لیڈی رپورٹر)پیپلزپارٹی ملتان سٹی کے صدر ملک نسیم حسین لابر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ تشہیر کے زور پر تختِ لاہور اور اپر پنجاب کو ہی پورا پنجاب سمجھ رہی ہیں، جبکہ سرائیکی وسیب کے ساتھ سوتیلوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ۔ اپنے ایک میڈیا بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ طرزِ عمل اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ن لیگ سرائیکی وسیب کے مسائل حل کرنے کے بجائے یہاں کے وسائل پر تختِ لاہور کی اجارہ داری قائم رکھنا چاہتی ہے ۔ملک نسیم لابر نے کہا کہ چند روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے سرائیکی وسیب کے شہروں، بالخصوص راجن پور، کو لاہور کے مقابلے میں حقیر ظاہر کرنے والا طنزیہ بیان انتہائی افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بسنت جیسے تہوار سے بھی سرائیکی وسیب کو محروم رکھا گیا، جو یہاں کے عوام کے ساتھ امتیازی سلوک کی ایک اور مثال ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لئے جنوبی پنجاب کو الگ شناخت دی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وسیب کا کسان، تاجر، نوجوان، مزدور اور خواتین سب ہی موجودہ پنجاب حکومت کی وسیب دشمن پالیسیوں کے باعث شدید پریشانی اور بدحالی کا شکار ہیں۔ ایسے حالات میں پاکستان پیپلزپارٹی سرائیکی وسیب کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے مسائل کے حل تک ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔ پیپلزپارٹی اکیلے کچھ نہیں کر سکتی، عوام کی طاقت ہی پارٹی کو مضبوط بنائے گی۔ ہم عوامی طاقت کے ذریعے جنوبی پنجاب کا صوبہ حاصل کر کے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام جانتی ہے کہ خیبر پختونخوا کو شناخت دی اور گلگت بلتستان کو حقوق دلائے ۔ اگر کوئی جماعت سرائیکی وسیب کو صوبہ بنا سکتی ہے تو وہ پاکستان پیپلزپارٹی ہے ۔