رمضان بازار میں سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

رمضان بازار میں سستی اشیاء کی  فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ نے سہولت بازار وہاڑی کا دورہ کیا اور رمضان المبارک کے دوران رمضان سہولت بازار کے قیام اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔۔۔

 اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو اشیائے خورونوش سستے اور مناسب نرخوں پر فراہم کی جائیں گی تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ رمضان سہولت بازار میں سبزیاں، پھل اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء عام مارکیٹ سے کم نرخوں پر دستیاب ہونی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی سہولت کے لیے دکانوں پر ریٹ لسٹیں نمایاں مقامات پر آویزاں کی جائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ نے خواتین کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کرنے ، بزرگ شہریوں اور خواتین کے لیے بیٹھنے کے مناسب انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سہولت بازار میں پارکنگ، سیکیورٹی، ہیلپ ڈیسک اور شکایات کاؤنٹرز کا قیام یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔انہوں نے زور دیا کہ سہولت بازار میں صاف ستھرا، منظم اور عوام دوست ماحول ہر صورت برقرار رکھا جائے ۔ دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد افضال، منیجر سہولت بازار اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں