صحت سہولیات فراہمی کیلئے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کرنیکا فیصلہ
لیبارٹری میں سہولیات بڑھانے ، صفائی صورتحال بہتر کرنے کے احکامات
ملتان(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال جلالپور پیر والا کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ، او پی ڈی، میڈیسن سٹور، لیبارٹری، وارڈز اور صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں ادویات کی دستیابی، طبی آلات کی کارکردگی اور عملے کی حاضری کو بھی چیک کیا۔ اس موقع پر ایم ایس اور دیگر متعلقہ افسروں نے انہیں مجموعی صورتحال پر بریفننگ دی۔محمد نعمان صدیق نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے مسائل سنے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے انہوں نے ہدایت کی کہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔