عبدالحکیم فائر بریگیڈ سہولت سے محروم، شہری عدم تحفظ کا شکار

عبدالحکیم فائر بریگیڈ سہولت سے محروم، شہری عدم تحفظ کا شکار

شوروم میں آتشزدگی ، درجنوں گاڑیاں راکھ، کریانہ سٹور میں بھی سامان جل گیالاکھوں کی آبادی والے شہر میں جانی ومالی نقصانات کا سامنا، نوٹس لینے کا مطالبہ

عبدالحکیم (نامہ نگار، سٹی رپورٹر)لاکھوں کی آبادی اور سب تحصیل کا درجہ رکھنے والا بڑا شہر تاحال فائر بریگیڈ جیسی بنیادی سہولت سے محروم ،شہریوں کو جانی و مالی نقصانات کا سامنا ۔ گزشتہ روز موٹر وے پر ایک کار میں اچانک آگ بھڑک اٹھی مگر شہر میں فائر بریگیڈ نہ ہونے کی وجہ سے گاڑی تقریباً ایک گھنٹہ جلتی رہی اور مکمل طور پر خاکستر ہو گئی۔ قبل ازیں کچا کھوہ روڈ پر واقع ایک کار شوروم میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، تاہم خانیوال سے فائر بریگیڈ پہنچنے تک درجنوں گاڑیاں جل چکی تھیں۔ ریلوے پھاٹک کے قریب ایک کریانہ سٹور میں آگ لگنے کے واقعے میں بھی خانیوال سے فائر بریگیڈ کے پہنچنے تک لاکھوں روپے مالیت کا سارا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ شہریوں کے مطابق اس نوعیت کے متعدد واقعات میں نہ صرف قیمتی املاک بلکہ قیمتی انسانی جانوں کا بھی ضیاع ہو چکا ہے ۔ تاجر برادری، سول سوسائٹی اور مختلف سماجی تنظیموں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ عبدالحکیم میں ہنگامی بنیادوں پر جدید فائر بریگیڈ سٹیشن قائم کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے اور شہریوں کو تحفظ فراہم ہو۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں