ڈی پی او کی پولیس اصلاحات پر افسروں کیساتھ میٹنگ
وزیر اعلیٰ ویژن ، شفاف پولیسنگ، زیرو ٹالرنس اور جدید نظام تفتیش پر زور
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)ڈی پی او سید غضنفر علی شاہ نے پولیس لائنز میں ضلع بھر کے ڈی ایس پی، ایس ایچ اوز، لیڈیز پولیس، ٹریفک اور ایلیٹ فورس کے افسران و اہلکاروں سے میٹنگ کی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے پولیس اصلاحات ویژن پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ڈی پی او نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی واضح ہدایات کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، شفاف اور اخلاقی پولیسنگ اور عوامی اعتماد کی بحالی اولین ترجیحات ہیں۔ پولیسنگ کو صرف ردعمل تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ جرائم کی پیشگی روک تھام کے لیے فعال حکمت عملی اپنائی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ تھانوں کو خوف کی علامت کے بجائے انصاف اور خدمت کے مراکز بنایا جائے ۔ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CMS) کو تمام تھانوں میں لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ قابل دست اندازی جرائم میں مقررہ وقت کے اندر ایف آئی آر درج کرنا لازم ہوگا۔ شہریوں کو کیو میٹک سلپ اور ای ٹیگ کے ذریعے درخواست کی مکمل ٹریکنگ فراہم کی جائے گی۔ڈی پی او نے کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی، سائنسی بنیادوں پر تفتیش، فرانزک شواہد کے استعمال، خواتین و بچوں کے تحفظ، کمیونٹی پولیسنگ اور ٹریفک قوانین پر سخت عملدرآمد پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقصد ایک پیشہ ور، دیانتدار، جوابدہ اور عوام دوست پولیس فورس کی تشکیل ہے ۔