پارکو کی سلور جوبلی تقریب، ملازمین کے اعزاز میں عشائیہ
25 سالہ خدمات کا اعتراف،افسروں میں ایوارڈز تقسیم، میوزک گالا کا اہتمام
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) پاک عرب آئل ریفائنری (پارکو)کی مڈ کنٹری ریفائنری کو پیداواری صلاحیت کے آغاز کے 25 سال مکمل ہونے پر سلور جوبلی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں آئل اینڈ گیس سیکٹر سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام اور مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پارکو میں طویل عرصہ خدمات انجام دینے والے افسروں کو ان کی کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈز دئیے گئے ۔ ایوارڈز پارکو کے منیجنگ ڈائریکٹر ارتضیٰ علی قریشی نے تقسیم کیے ۔اس موقع پر ملازمین کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا جبکہ میوزیکل نائٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ معروف گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے داد وصول کی۔تقریب کے دوران پاکستان پوسٹ کی جانب سے ملکی معیشت اور دفاع کے لیے پارکو کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی جاری کیے گئے ۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ شاندار نظم و نسق پر شرکاء نے منتظمین کو خراج تحسین پیش کیا۔