سائنسی وماحولیاتی تعلیم معاشرتی ترقی کیلئے ناگزیر،فرح ثاقب

سائنسی وماحولیاتی تعلیم معاشرتی ترقی کیلئے ناگزیر،فرح ثاقب

ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نباتاتی علوم کی اہمیت بڑھ چکی،کلثوم پراچہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان کے متی تل کیمپس میں شعبہ بوٹنی کے زیرِ اہتمام گرین مارولز بوٹنی کیریئر اینڈ انوویشن ایکسپو کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے فیتہ کاٹ کر ایکسپو کا افتتاح کیا اور مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔ترجمان کے مطابق ایکسپو کا مقصد جدید نباتاتی تحقیق کو فروغ دینا، طالبات کو بوٹنی سے وابستہ کیریئر مواقع سے آگاہ کرنا اور ان کے تخلیقی و تحقیقی منصوبوں کو نمایاں کرنا تھا۔ تقریب میں ڈاکٹر فرح ثاقب، خواتین چیمبر آف کامرس ملتان، اور محترمہ فرخ مختار، اے پی ڈبلیو اے ملتان بھی شریک ہوئیں۔ انہوں نے سائنسی و ماحولیاتی تعلیم کو معاشرتی و اقتصادی ترقی کے لئے ناگزیر قرار دیا۔چیئرپرسن شعبہ بوٹنی ڈاکٹر عابدہ عزیز نے کہا کہ شعبہ طلبہ میں سائنسی سوچ، تحقیقی مہارت اور ماحولیاتی شعور کو فروغ دے رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسپو میں ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی، ادویاتی پودوں، بایوٹیکنالوجی، ٹشو کلچر، ہائیڈروپونکس اور نامیاتی کاشتکاری سے متعلق منصوبے پیش کئے گئے ۔وائس چانسلر نے خطاب میں کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نباتاتی علوم کی اہمیت بڑھ چکی ہے اور یونیورسٹی طالبات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کر رہی ہے ۔ انہوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ایسے علمی و تحقیقی پروگرام آئندہ بھی جاری رہیں گے ۔ آخر میں مہمانوں میں شیلڈز اور نمایاں طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں