سابقہ آئیڈیل کالج کے طلبائکا ملتان بورڈ ملتان کے باہر مظاہرہ
رزلٹ کارڈ جاری نہ ہونے پر طلباء کا اظہار تشویش، بورڈ کی وضاحت جاری
ملتان (خصوصی رپورٹر)ملتان میں سابقہ آئیڈیل کالج کے مالک اور نجی طلباء نے تعلیمی بورڈ ملتان کے سامنے احتجاج کیا۔ احتجاج تقریباً دن 11 بج کر 20 منٹ پر کیا گیا، جس میں مطالبہ کیا گیا کہ انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2025 پارٹ فرسٹ کے سابقہ طلباء و طالبات کے رزلٹ کارڈ جاری کئے جائیں۔بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ امیدواران کا احتجاج خلافِ قواعد اور نظم و ضبط کے منافی تھا۔
بیان میں الزام لگایا گیا کہ طلباء کو ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے ڈھال کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے ۔ عدالت عالیہ ملتان بینچ نے رٹ پٹیشن نمبر 25/5636 اور 25/5945 پہلے ہی مسترد کر دی تھیں۔بورڈ حکام کے مطابق جب تک امیدوار واجب الادا بقایا جات جمع نہیں کراتے ، رزلٹ کارڈ جاری نہیں کئے جا سکتے ۔ جن طلباء نے بقایا جات ادا کر دیئے ہیں، انہیں رزلٹ کارڈ جاری کر دیئے گئے ہیں۔بورڈ نے مزید بتایا کہ انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026 کے داخلوں کی تاریخ 19فروری 2026 تک بڑھا دی گئی ہے ، لہٰذا سابقہ آئیڈیل کالج کے طلباء بروقت بقایا جات جمع کر کے اپنے داخلے مکمل کر لیں۔