انتہا پسندی کا مقابلہ تعلیم، مکالمے سے ممکن، کلثوم پراچہ
جامعات تنقیدی سوچ، رواداری کے فروغ کا اہم مرکز، تقریب سے خطاب
ملتان (خصوصی رپورٹر)دی ویمن یونیورسٹی ملتان میں تشدد پر مبنی انتہاپسندی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی آگاہی پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد کاؤنٹر وائلنٹ ایکسٹریزم، قیامِ امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔تقریب ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ افیئرز کی زیر نگرانی مختلف شعبہ جات کے اشتراک سے منعقد ہوئی جبکہ کوآرڈی نیشن ڈاکٹر اسماء اکبر نے انجام دی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ سرپرستِ اعلیٰ تھیں۔
مہمانانِ خصوصی میں ڈی ایس پی جعفر بخاری اور سب انسپکٹر بشریٰ احمد شامل تھیں۔وائس چانسلر نے کہا کہ انتہاپسندی معاشرے کو کھوکھلا کر دیتی ہے ، اس کا مقابلہ تعلیم، برداشت اور مکالمے سے کیا جا سکتا ہے ۔جامعات تنقیدی سوچ اور رواداری کے فروغ کا اہم مرکز ہیں۔ڈی ایس پی جعفر بخاری نے کہا کہ انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے تعلیمی اداروں کا تعاون ضروری ہے جبکہ بشریٰ احمد نے طالبات کو امن کی سفیر بننے کا پیغام دیا۔ آخر میں ملکی سلامتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے دعا کی گئی۔