پیداواری لاگت میں اضافہ، قیمت نہیں مل رہی ، کسان اتحاد

پیداواری لاگت میں اضافہ، قیمت نہیں مل رہی ، کسان اتحاد

کاشتکار معاشی بحران کا شکار، سولر میٹرنگ پر جمع پونجی لگادی ،خالد محمود

ملتان (لیڈی رپورٹر)ملتان پریس کلب میں پاکستان کسان اتحاد کے صدر خالد محمود کھوکھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں کاشتکار شدید پریشانی اور بدحالی کا شکار ہے ۔ پیداواری لاگت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ فصلوں کا مناسب معاوضہ نہیں مل رہا۔انہوں نے کہا کہ آلو کا کاشتکار تباہ ہو چکا ہے جبکہ گوبھی، کدو اور دیگر سبزیوں کے کاشتکار بھی معاشی بحران سے دوچار ہیں۔ حکومت کی جانب سے سولر سسٹم لگانے کی ترغیب پر کسانوں نے جمع پونجی اور زیورات فروخت کر کے سولر لگوائے ، مگر نیٹ میٹرنگ ختم کرنے کے فیصلے نے مشکلات بڑھا دیں۔

خالد کھوکھر کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کو بجلی پیدا نہ کرنے کے باوجود ادائیگیاں کی جاتی ہیں لیکن کاشتکار کو اس کی پیداوار کی مناسب قیمت نہیں ملتی۔ نیٹ میٹرنگ کسانوں کیلئے ریلیف تھی جسے واپس لے لیا گیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیداواری لاگت بڑھا کر پرائس کنٹرول کمیٹیاں قائم کر دی گئیں تاکہ کسان کو مناسب قیمت نہ مل سکے ۔ اگر کاشتکار زندہ نہ رہا تو ملک کیا کھائے گا؟ انہوں نے سوال اٹھایا۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برسوں میں گندم کی فصل میں کاشتکاروں کو بائیس سو ارب روپے کا نقصان ہوا۔ گندم 2200 روپے فی من خریدی گئی جبکہ اب قیمت 3900 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں