تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں : ڈپٹی کمشنر
ہسپتال کا دورہ ،عملے کو مریضوں کی بہترین دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار ) ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور طبی سہولیات، صفائی، ایمرجنسی، لیبارٹری اور ادویات کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں اور لواحقین سے ملاقات کر کے سہولیات کے حوالے سے دریافت کیا اور عملے کو مریضوں کی بہترین دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ چوک سرور شہید کے دیہی علاقوں میں ستھرا پنجاب مہم کے تحت صفائی کے انتظامات کا اچانک معائنہ کیا اور گلیوں، راستوں اور نالیوں کی صفائی بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت پی ڈی پی اور پی سی پی کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبوں کی موجودہ صورتحال، مجموعی کارکردگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی پر غور کیا گیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہوں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔