رمضان المبارک کی آمد قریب،سٹاک ومہنگائی مافیا متحرک

 رمضان المبارک کی آمد قریب،سٹاک ومہنگائی مافیا متحرک

اشیاء خورونوش کے من پسند ریٹ مقرر ہو جائیں گے ،حکام سے نوٹس کا مطالبہ

جودھ پور (نمائندہ دنیا)ماہ رمضان المبارک کی آمد قریب آتے ہی مہنگائی مافیا کے متحرک ہونے کی اطلاعات سامنے آنے لگی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی اشیائے خوردونوش کے من مانے ریٹ مقرر کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے جبکہ سٹاک مافیا بھی سرگرم ہو چکی ہے ۔مقامی افراد کے مطابق بعض دکاندار رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں خود ہی بڑھا دیتے ہیں جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہو جاتی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک میں مقدس ایام پر اشیائے خوردونوش سستی کی جاتی ہیں لیکن ہمارے ہاں قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں اور بعض اشیاء بلیک میں بھی فروخت ہوتی ہیں۔عوامی حلقوں نے الزام عائد کیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارروائیاں اکثر کاغذی حد تک محدود رہتی ہیں جبکہ عملی طور پر ریلیف نہیں ملتا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک میں خصوصی مانیٹرنگ کی جائے ، سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عمل کرایا جائے اور گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں