48کنال پر جدید ترین پارک تعمیر کرنیکا آغاز

48کنال پر جدید ترین پارک تعمیر کرنیکا آغاز

82ملین لاگت سے نیو شاہ شمس کالونی میں پارک تعمیر کیا جائے گا، ماڈل پارک 4ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف، شہریوں کو گھروں کے قریب بہترین تفریحی سہولت میسر آئیگی 10فٹ کا جوگنگ ٹریک ، 8فٹ واک وے ، بچوں کیلئے علیحدہ پلے ایریا، 108لائٹ پولز، 35آر سی سی بینچز ، 5گیزیبورز ،جدید باتھ رومز منصوبے کا حصہ، کمشنر عامر کریم

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ملتان میں محمدی پارک منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ کمشنر ملتان عامر کریم خاں اور ممبر صوبائی اسمبلی سلمان نعیم نے نیو شاہ شمس کالونی C بلاک میں سنگ بنیاد رکھ دیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر بتایا کہ 48 کنال رقبے پر جدید طرز کا پارک تعمیر کیا جا رہا ہے جس پر مجموعی طور پر 82.26 ملین روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کو تقریباً ساڑھے چار ماہ میں جون 2026 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔عامر کریم خاں نے کہا کہ محمدی پارک کو ملتان کا ماڈل پارک بنایا جائے گا اور یہ شہری بہتری کے سفر کی اہم ابتدا ثابت ہوگا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ پارک کی حفاظت اور صفائی برقرار رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی خصوصی توجہ کے باعث ملتان ڈویژن میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملتان وہاڑی روڈ کو مقررہ مدت سے چھ ماہ پہلے مکمل کرنے کے لئے فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں جبکہ ملتان ایونیو پر تقریباً تین ارب روپے کی لاگت سے اربن انفراسٹرکچر میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے راشد ارشاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پارک میں 10 فٹ چوڑی جوگنگ ٹریک، 8 فٹ واک وے اور بچوں کے لئے علیحدہ پلے ایریا بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں 108 لائٹ پولز، 35 آر سی سی بینچز، 5 گیزیبوز اور جدید باتھ رومز بھی شامل ہیں۔ کمشنر ملتان عامر کریم خاں سے برٹش ہائی کمیشن کے بین وارنگٹن کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ اور مقامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ملتان ڈویژن میں جاری ترقیاتی سرگرمیوں اور باہمی تعاون کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے برٹش ہائی کمیشن کے نمائندے کو ڈویژنل انتظامیہ کی ترجیحات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔کمشنر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ملتان ڈویژن میں جاری 72 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج پر بھی تفصیلی بریفنگ دی ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں