کپاس کی گلابی سنڈی کے غیر موسمی تدارک بارے آگاہی سیمینار

کپاس کی گلابی سنڈی کے غیر موسمی تدارک بارے آگاہی سیمینار

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار)حکومت پنجاب اور سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو کے ویژن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز ڈاکٹر عامر رسول کی ہدایات پر محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ ضلع خانیوال کے زیرِ اہتمام کاشتکاروں کے لیے کپاس کی گلابی سنڈی کے غیر موسمی تدارک کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا۔

سیمینار میں ڈائریکٹر زراعت پیسٹ وارننگ ملتان ڈویڑن ڈاکٹر رمضان عاصی، ڈاکٹر محمد یاسر (ڈائریکٹر زراعت پیسٹ وارننگ ضلع خانیوال) اور ڈاکٹر سید فیصل احمد (ڈپٹی ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹر، ملتان)، جبکہ راو  خرم شہزاد (اسسٹنٹ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ تحصیل خانیوال) نے خطاب کیا۔ڈاکٹر رمضان عاصی نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ کپاس کی چھڑیوں کے ڈھیروں کو وقفے وقفے سے الٹ پلٹ اور عمودی حالت میں رکھا جائے تاکہ گلابی سنڈی کی افزائش روکی جا سکے ، جبکہ باقی ماندہ کچرا تلف کیا جائے ۔ ڈاکٹر محمد یاسر نے کپاس کو ملکی معیشت کی اہم فصل قرار دیتے ہوئے محکمہ زراعت کی سفارشات پر عمل کی تلقین کی۔ راؤ خرم شہزاد نے کپاس کی اگیتی کاشت کے فوائد سے آگاہ کیا۔سیمینار کے اختتام پر کاشتکار برادری کی موجودگی میں عملی مظاہرے کے طور پر کپاس کی چھڑیوں کے ڈھیروں کو الٹ پلٹ کر دکھایا گیا تاکہ گلابی سنڈی کے غیر موسمی تدارک کے طریقہ کار سے آگاہی فراہم کی جا سکے ۔محکمہ زراعت پیسٹ وارننگ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور کاشتکار حضرات مکمل رہنمائی کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں