ٹریفک اہلکاروں کے ناروا سلوک پر شہریوں کا احتجاج

ٹریفک اہلکاروں کے ناروا سلوک پر شہریوں کا احتجاج

خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) شہر میں ٹریفک اہلکاروں کے مبینہ ناروا سلوک پر شہریوں نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق مختلف مقامات پر ناکے لگا کر موٹر سائیکل سواروں، خصوصاً فیملیوں کو بلاوجہ روک کر طویل وقت تک کھڑا رکھنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ شہریوں احمد، ذیشان، بلال، اختر، اشرف، خان محمد، شہزاد پہوڑ اور مبشر سمیت دیگر کا کہنا ہے کہ بعض اہلکار غیر اخلاقی سوالات بھی کرتے ہیں جس سے عوام کو ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ریلوے انڈرپاس پر تعینات اہلکاروں کی جانب سے مسلسل جرمانے کیے جانے پر بھی اعتراض اٹھایا گیا ہے ۔ شہریوں کے مطابق ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے بجائے صرف چالان کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے جس کے باعث کئی مقامات پر ٹریفک بلاک رہی اور لوگوں کو شدید مشکلات پیش آئیں۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہر شہری پر لازم ہے ، تاہم قانون کے نفاذ کے دوران شہریوں کی عزت نفس کا خیال رکھنا بھی متعلقہ اہلکاروں کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ صورتحال کا فوری نوٹس لے کر اہلکاروں کو خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ انداز اپنانے کی ہدایات جاری کی جائیں تاکہ عوام کو بلاوجہ ہراسانی سے بچایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں