بورے والا :طالبات کیلئے پنک بس سروس کا باقاعدہ آغاز
پنک بس سروس سے والدین کا اعتماد بڑھے گا :ساجد مہدی سلیم کا خطاب
بورے والا (نمائندہ دنیا) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خصوصی اقدام کے تحت بوریوالا میں پنک بس سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ منصوبے کا مقصد طالبات، کو محفوظ، بااعتماد اور باوقار سفری سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بلا خوف و خطر تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل کر سکیں۔ افتتاحی تقریب میں ایم این اے و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری سید ساجد مہدی سلیم شاہ، چیئرپرسن ایجوکیشن پنجاب سیدہ مہرین ساجد، سابق ایم این اے چوہدری نذیر احمد آرائیں، سابق ایم پی اے سردار خالد محمود ڈوگر اور دیگر معززین نے شرکت کی۔سید ساجد مہدی سلیم شاہ نے کہا کہ پنک بس سروس تعلیم کے فروغ اور طالبات کے لیے محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کا عملی اقدام ہے ، جس سے والدین کا اعتماد بڑھے گا اور سکول و کالج حاضری میں اضافہ ہوگا۔ یہ اقدام تعلیمی شعبے کے لیے مثبت اور خوش آئند پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔