سکول کے نتائج ، سروس ڈیلیوری میں بہتری ترجیح :ڈی سی
اساتذہ کو عہد حاضر کے تقاضوں کے مطابق طلبہ کی تربیت کرنی چاہیے
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )خانیوال پبلک سکول اینڈ یونیورسٹی کالج کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات میں ڈپٹی کمشنر ملیحہ رشید نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو ٹرافیاں، سرٹیفکیٹس اور انعامات دیے گئے ۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر سکول کے مزید بہتر مستقبل کے لیے اقدامات جاری رکھنے اور اسے ریجن کی بہترین درس گاہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ سکول آمد پر انہوں نے پودا بھی لگایا۔پرنسپل حافظ محمد راشد سعید رانا اور دیگر سکول فیکلٹی بھی تقریب میں موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سکول کے نتائج اور سروس ڈیلیوری میں بہتری اولین ترجیح ہے اور اساتذہ کو عہد حاضر کے تقاضوں کے مطابق طلبہ کی تربیت کرنی چاہیے ۔تقریب میں مسلم لیگ ن کے رہنما رانا اکرام الحق سمیت سول سوسائٹی کی شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر پرنسپل حافظ محمد راشد سعید رانا نے ڈپٹی کمشنر کو سپاسنامہ پیش کیا۔