شجاع آباد،گرلز گریجویٹ کالج میں سائنسی نمائش ،سپورٹس گالا
شاندار پرفارمنس پر طالبات میں انعامات تقسیم ، نئے کلاس رومز کی عمارت کی منظوری
شجاع آباد (سٹی رپورٹر) گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن شجاع آباد میں سپورٹس گالا اور سائنس ایگزیبیشن کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر فرید شریف اور ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر طاہر سلطان خان نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں طالبات نے مختلف سائنسی ماڈلز پیش کیے اور مہمانوں کو اپنے پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی۔مہمانانِ خصوصی نے طالبات کی شاندار پرفارمنس کو سراہا اور نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے ۔ ڈاکٹر فرید شریف نے کہا کہ گریجویٹ کالج فار ویمن شجاع آباد ڈویژن کے بہترین کالجوں میں نمبر ون پر ہے اور طالبات کے سائنس ماڈلز اعلیٰ معیار کے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ چند ماہ میں جنوبی پنجاب کی سطح پر مقابلہ جات بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ و طالبات کو ترقی کے مزید مواقع ملیں۔ڈاکٹر طاہر سلطان خان نے طالبات اور اساتذہ کی محنت کو سراہا اور بتایا کہ کالج کی ضروریات کے پیشِ نظر 8 کلاس رومز پر مشتمل نئی عمارت کے لیے فوری طور پر پی سی ون جاری کر دیا گیا ہے ۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب طالبات میں انعامات اور اساتذہ میں تعارفی شیلڈز تقسیم کی گئیں، جبکہ پرنسپل ڈاکٹر عذرا یاسمین کی قیادت کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔