قصبہ گجرات تاحال رمضان سستے بازار کی سہولت سے محروم
تجاوزات بڑھ گئیں، فوری نوٹس لینے اور ریڑھی بانوں کو منظم کرنے کا مطالبہ
قصبہ گجرات (نامہ نگار)ضلع کوٹ ادو کا اہم اور بڑا قصبہ ہونے کے باوجود قصبہ گجرات ماہ رمضان میں تاحال رمضان بازار کے قیام سے محروم ہے جس پر شہریوں اور سماجی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں رمضان بازار کا قیام انتہائی ضروری ہے تاکہ غریب اور دیہاڑی دار طبقہ سستے داموں اشیائے خورونوش خرید سکے ۔مقامی افراد کے مطابق آٹا، چینی، گھی، دالوں اور سبزیوں سمیت دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے عام آدمی کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے قصبہ میں رمضان بازار کا نہ ہونا انتظامی غفلت کو ظاہر کرتا ہے ۔دوسری جانب رمضان شروع ہوتے ہی مرکزی سڑکوں اور بازاروں میں تجاوزات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔ ریڑھی بانوں اور ٹھیلے والوں نے سڑکوں کے کناروں اور بعض مقامات پر درمیان تک اسٹال قائم کر لئے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے ۔ شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر رمضان بازار قائم کر کے ریڑھی بانوں کو وہاں منتقل کیا جائے تاکہ تجاوزات کا خاتمہ اور عوام کو سستی و معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔