میٹرک امتحان قریب، مستقل چیئرمین بورڈ تعینات نہ ہوئے

میٹرک امتحان قریب، مستقل چیئرمین بورڈ تعینات نہ ہوئے

امتحانی مراکز کا قیام،نقل کی روک تھام، نتائج تیاری میں مشکلات کا خدشہ

ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے درخواستیں طلب کئے جانے کے باوجود پنجاب بھر کے کسی بھی تعلیمی بورڈ میں تاحال مستقل چیئرمین تعینات نہیں کیا جا سکا۔ میٹرک کے سالانہ امتحانات میں چند روز باقی رہ گئے ہیں جس پر تعلیمی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ذرائع کے مطابق چیئرمین اور سیکرٹری بورڈز کی آسامیوں پر تقرری کے لئے دو ماہ قبل درخواستیں طلب کی گئی تھیں۔ چیئرمین، سیکرٹری اور کنٹرولر امتحانات کے عہدوں کے لئے تقریباً 1500 درخواستیں موصول ہوئیں۔ سکروٹنی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے تاہم انٹرویوز کا مرحلہ تاحال شروع نہیں ہو سکا۔دوسری جانب پنجاب کے 9 تعلیمی بورڈز میں 27 مارچ سے میٹرک کے سالانہ امتحانات شروع ہو رہے ہیں۔ ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ مستقل قیادت نہ ہونے سے امتحانی مراکز کے قیام، عملے کی تعیناتی، نقل کی روک تھام اور نتائج کی تیاری جیسے امور متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ پالیسی فیصلوں اور مجموعی نگرانی کا نظام بھی کمزور پڑ سکتا ہے ۔تعلیمی ماہرین نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ میرٹ اور شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے تقرریوں کا عمل فوری مکمل کیا جائے تاکہ لاکھوں طلبہ کے مستقبل سے جڑے امتحانات منظم اور شفاف انداز میں منعقد کئے جا سکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں