کبیروالا میں جعلی پیروں کے ڈیرے ، دھندہ عروج پر
جودھ پور(نمائندہ دنیا) کبیروالا اور نواحی علاقوں میں جعلی پیروں کا کاروبار عروج پر پہنچ گیا ہے ۔ مختلف مقامات پر ڈیرے قائم کر کے تعویز گنڈوں، دم درود اور۔۔۔
جھوٹے دعوؤں کے ذریعے شہریوں سے رقوم وصول کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نواں شہر، ککڑہٹہ، مخدوم پور، سرائے سدھو اور دیگر علاقوں میں ایسے افراد نے باقاعدہ ٹھکانے بنا رکھے ہیں جہاں روزانہ لوگوں کا رش لگا رہتا ہے ۔اطلاعات کے مطابق کاروبار میں برکت، عشق میں کامیابی اور مخالف کو زیر کرنے جیسے دعوؤں کے عوض بھاری رقم لی جاتی ہے ۔ بعض مقامات پر نام نہاد علاج کے لیے ادویات بھی رکھی گئی ہیں۔ تعویز اور دم پھونکنے کے باقاعدہ ریٹ مقرر ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سادہ لوح اور کم تعلیم یافتہ افراد ان کے جھانسے میں آ کر اپنی جمع پونجی سے محروم ہو رہے ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ایڈیشنل سی سی ڈی، آر پی او ملتان اور ڈی پی او خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی پیروں کے خلاف کارروائی کر کے اس دھندے کا خاتمہ کیا جائے ۔