بوریوالا میں رمضان شروع ہوتے ہی مہنگائی نے کمر توڑ دی

بوریوالا میں رمضان شروع  ہوتے ہی مہنگائی نے کمر توڑ دی

بورے والا (سٹی رپورٹر) رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی بورے والا میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی۔ ۔۔۔

حکومتی دعوؤں اور سرکاری نرخ ناموں کے باوجود شہر اور گردونواح میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں من مانا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، جبکہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عملی طور پر غیر فعال دکھائی دیتے ہیں۔بازار میں خریداری کرنے والے شہریوں نے بتایا کہ سرکاری ریٹ لسٹیں دکانوں پر آویزاں تو ہیں مگر ان پر عملدرآمد کہیں نظر نہیں آتا۔ کیلا چند روز قبل 100 روپے درجن فروخت ہو رہا تھا، اب 230 روپے درجن تک جا پہنچا ہے ۔ امرود 150 سے 250 روپے فی کلو، سیب 300 سے 450 روپے فی کلو جبکہ گھریلو گیس سلنڈر 3,300 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔ بیسن، مصالحہ جات اور سبزیوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ اور اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین ملک سے اپیل کی ہے کہ وہ فیلڈ میں نکل کر خود صورتحال کا جائزہ لیں اور منافع خور عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کو یقینی بنائیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر متعلقہ افسران نے فوری اقدامات نہ کیے تو عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں