کوٹ ادو : چلتی گاڑیوں سے سامان چرانے والا گروہ متحرک
کورئیر کمپنی کی گاڑی سے 40ہزار روپے مالیت کا سامان اتار لیا ، مقدمہ درج
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) نواحی علاقوں سلطان کالونی، شیخو شوگر ملز روڈ، پٹھان ہوٹل روڈ اور پل دیوان سمیت مین شاہراہ ایم ایم روڈ پر چلتی مال بردار گاڑیوں سے سامان چوری کرنے والا گروہ دوبارہ متحرک ہوگیا ہے ۔ گروہ کاروں پر سوار ہو کر ٹرک، کنٹینر اور گاڑیوں کے لاک اور ترپال کاٹ کر سامان نیچے پھینک دیتا ہے ، جسے پیچھے موجود افراد اٹھا لیتے ہیں۔ گزشتہ شب سنانواں میں ڈیرہ اسماعیل خان سے ملتان آنے والی کورئیر کمپنی کی گاڑی سے 40 ہزار روپے مالیت کا سامان اتار لیا گیا۔ پولیس اسٹیشن سنانواں نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تاجر برادری اور گاڑیوں کے ڈرائیور چوری کی بڑھتی وارداتوں سے شدید پریشان ہیں۔