سکیورٹی خدشات،ہیلتھ ایمرجنسی نافذ
شہر بھر کے سرکاری ہسپتال باالخصوص ایمرجنسی وارڈز اور آپریشن تھیٹر مکمل فعال رکھنے ، چوبیس گھنٹے ہنگامی تیاری رکھنے کی ہدایت ،ماہر ڈاکٹرز وپیرا میڈیکل سٹاف کی ہر قسم کی چھٹیاں منسوخہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈاکٹرز ودیگر سٹاف کی سو فیصد حاضری یقینی بنائیں، متعلقہ افسر ہائی الرٹ رہیں،ضروری ادویات کی دستیابی، ٹراما مینجمنٹ و دیگر انتظامات کومکمل رکھیں،حکام
ملتان (لیڈی رپورٹر)موجودہ ملکی و بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے ۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے شہر بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو چوبیس گھنٹے ہنگامی تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔ حکام کے مطابق ملتان کے تمام سرکاری ہسپتال مکمل طور پر فعال رکھنے کے احکامات دئیے گئے ہیں جبکہ ایمرجنسی وارڈز، آپریشن تھیٹرز اور انتہائی نگہداشت یونٹس ہر وقت آپریشنل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے ۔ضلعی انتظامیہ نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور متعلقہ افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور بیک اپ جنریٹرز کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ایمبولینس سروس کو بھی ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ریسکیو ٹیموں کو کسی بھی ہنگامی کال پر فوری رسپانس دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ مزید برآں ماہر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے ۔ ہسپتالوں میں تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کی ہر قسم کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور متعلقہ افسران کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سینئر ڈاکٹرز کو خصوصی طور پر ایمرجنسی ڈیوٹی روسٹر تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال میں اضافی عملہ فوری طور پر دستیاب ہو سکے ،ضروری ادویات، سرجیکل سامان، آکسیجن سلنڈرز اور دیگر طبی آلات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔ ٹراما مینجمنٹ اور دیگر ہنگامی انتظامات مکمل رکھنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل یقینی بنایا جا سکے ۔ ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ شہری افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں قریبی سرکاری ہسپتال سے رجوع کریں۔ انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔