جاری سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں، سی ای او میپکو
ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد نے کہا ہے کہ شعبہ کنسٹرکشن کے ساتھ جاری ترقیاتی کاموں، نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب، کمزور تاروں کی تبدیلی، اوور لوڈڈ فیڈرز کی اپ گریڈیشن اور۔۔
سسٹم کی بہتری کے منصوبوں کو تیز کیاجائے ۔تمام جاری سکیموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے ، میٹریل کی بروقت دستیابی یقینی بنائی جائے اور کسی بھی قسم کی غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ان خیالات کاا ظہار انہوں نے میپکوہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ویڈیولنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سرکلوں کی موجودہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بعض شعبہ جات میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا اور واضح کیا کہ مقررہ اہداف کا ہر صورت حصول یقینی بنایا جائے ۔ مہینے کے آغاز سے ہی خصوصی ریکوری مہم کا آغاز کیا جائے اور مارچ کے پہلے ہفتے کے دوران زیادہ سے زیادہ وصولیاں یقینی بنائی جائیں۔ بالخصوص تین ماہ اور اس سے زائد پرانے بقایا جات کو زیرو لیول پر لانے کے لئے ہر ایس ڈی او اپنے سب ڈویژن کی سطح پر روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرے ۔ نادہندگان کے خلاف قانونی کارروائی، کنکشن منقطع کرنے اور ڈیفالٹرز کی لسٹیں اپ ڈیٹ کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ لائن لاسز میں کمی اور ریونیو ٹارگٹس کے حصول کے لئے فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جائے اور ہر فیڈر کی سطح پر مانیٹرنگ کو مؤثر بنایا جائے ۔11کے وی فیڈرز پر غیر ضروری ٹرپنگ کے خاتمے کے حوالے سے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ فالٹس کی فوری نشاندہی اور بروقت درستگی کو یقینی بنایا جائے ۔