وہاڑی میں بجلی کے کھمبے فوری منتقل کرنے کی ہدایت
کھمبوں اور تاروں کی موجودگی سے متعدد منصوبے متاثر ہو رہے :ڈی سی
وہاڑی(خبرنگار، نمائندہ خصوصی ، نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ کی زیر صدارت میپکو کنسٹرکشن ڈویژن کے افسران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے باعث میپکو لائنز اور تنصیبات کی منتقلی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی سکیموں کی بروقت تکمیل کے لیے میپکو اپنی تنصیبات فوری طور پر متبادل مقامات پر منتقل کرے کیونکہ بجلی کے کھمبوں اور تاروں کی موجودگی سے متعدد پراجیکٹس متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہاڑی ملتان روڈ پر جاری ترقیاتی کام کے پیش نظر وی چوک تا خانیوال چوک تک بجلی کے کھمبوں اور تاروں کو سڑک کے رائٹ آف وے کے کناروں کی جانب فوری شفٹ کیا جائے جبکہ گول چوک اور ریل بازار سے بھی ترجیحی بنیادوں پر منتقلی مکمل کی جائے ۔ بوریوالا میں سٹیڈیم روڈ اور میاں چنوں موڑ تا اے سی آفس بوریوالا تک سڑک کے اطراف کھمبوں کی منتقلی یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وی چوک تا خانیوال چوک خوبصورت ترین وہاڑی ایونیو میں تبدیل کیا جا رہا ہے ، اس لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے اقدامات تیز کریں۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد افضال، ایکسین میپکو کنسٹرکشن ڈویژن وہاڑی شیخ کامران، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز میاں نعیم عاصم، ایس ڈی او میپکو کنسٹرکشن محمد فاروق اور ایڈیشنل ایس ڈی او سجاد حبیب بھی موجود تھے ۔