مظفرگڑھ کی تاریخ کا پہلا گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ جاری
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق اور ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ کی زیر نگرانی ضلع مظفرگڑھ کی تاریخ کا پہلا گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ جاری کر دیاگیا ۔
یہ اقدام جدید اور شفاف لینڈ مینجمنٹ نظام کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے ۔اس موقع پر جی آئی ایس منیجر پلس محمد شہزاد اور ریونیو آفیسر شکیل احمد چھینہ نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عوید ارشاد بھٹی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران موضع والوٹ کے مالک اراضی خالق نواز، جنہوں نے گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے درخواست دی تھی، کو باقاعدہ طور پر سرٹیفکیٹ جاری کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ عثمان طاہر جپہ نے خود سرٹیفکیٹ خالق نواز کے حوالے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عثمان طاہر جپہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق لینڈ ریکارڈ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو اپنی جائیداد کے حوالے سے مکمل قانونی تحفظ اور سہولت فراہم کی جا سکے ۔سرٹیفکیٹ کے حصول پر خالق نواز نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ اور بالخصوص وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد ان کی زمین کی ملکیت مکمل طور پر تصدیق شدہ ہو چکی ہے اور اب ان کی پراپرٹی ہر قسم کے قانونی و انتظامی معاملات کے حوالے سے محفوظ ہو گئی ہے ۔