چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں شہری نقدی و سامان سے محروم

چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں شہری نقدی و سامان سے محروم

شعبان سے موٹرسائیکل ،طلائی انگوٹھی ،موبائل ، گھڑی اور نقدی لوٹ لی متعدد علاقوں سے موٹرسائیکلیں، میٹرز چوری، الگ الگ مقدمات درج

ملتان (کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں چوری اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں کے دوران شہری نقدی، موبائل فون، موٹرسائیکلوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔تھانہ شاہ شمس کے علاقے میں شعبان سے دو ڈاکو اسلحہ کے زور پر 38 ہزار روپے نقدی، موٹرسائیکل، طلائی انگوٹھی، موبائل فون اور گھڑی چھین کر فرار ہوگئے ۔ تھانہ مخدوم رشید کے علاقے میں محمد مصطفی سے ڈاکو گن پوائنٹ پر 56 ہزار روپے اور موبائل فون لے گئے ۔تھانہ قطب پور کے علاقے میں الیاس کی اہلیہ سے پرس جبکہ بی زیڈ کے علاقے میں حسنین سے موبائل فون چھین لیا گیا۔ اسی طرح تھانہ کینٹ کے علاقے میں بلاول یوسف سے ایک لاکھ 15 ہزار روپے نقدی چھین لی گئی۔چوری کی دیگر وارداتوں میں جلیل آباد کے علاقے میں عبدالقادر کے موبائل فون، مظفر آباد میں جاوید مختیار کی نقدی اور موبائل، قطب پور میں سبطین کی موٹرسائیکل، شاہ شمس میں شاہ زیب کا موبائل، ممتاز آباد میں یعقوب کا موبائل اور پرویز کی نقدی چوری ہوگئی۔اسی طرح بی زیڈ کے علاقے میں نعمان کا سامان، قادر پورراں میں رفیق، نیو ملتان میں ارسلان خان اور شاہ رکن عالم میں خالد کی موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔ دیگر علاقوں میں بجلی کے میٹر، نقدی اور سامان چوری ہونے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ۔پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں