پولیس اورچورکا تعلق کراچی سے نہیں،خالد مقبول
منظم منصوبے کے تحت اس شہر کی زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں باہر سے آکر روزگار کمانے والے ڈکٹیٹ کر رہے ہیں ،چیئرمین ایم کیوایم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام خدمتِ خلق فاؤنڈیشن فیڈرل بی ایریا میں سالانہ امدادی پروگرام کا پروقار انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان و وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، سینئر مرکزی رہنما وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال اراکینِ مرکزی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار، انیس قائم خانی، سید امین الحق، کیف الوریٰ، انچارج سی او سی فرقان اطیب سمیت اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ جس شہر کے ٹیکس سے پورے پاکستان میں موٹر ویز کا جال بچھا خود اس شہر کے لیے کوئی موٹر وے نہیں ہے۔
آج یہاں باہر سے آکر روزگار کمانے والے ہی ہمیں ڈکٹیٹ کر رہے ہیں اور بے لگام ہیوی ٹریفک ہمارے معصوم بچوں کو سڑکوں پر کچلتی ہوئی گزر جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور چور دونوں کا تعلق کراچی سے نہیں ہے اور ایک منظم منصوبے کے تحت اس شہر کی زمینوں پر قبضے کیے جا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ عدالتیں خود کو ایسے تعصب سے پاک رکھیں جس سے شہر میں آگ لگتی ہے کیونکہ اگر انصاف زبان دیکھ کر دیا گیا تو مظلوم کہاں جائیں گے ، وفاقی وزیر تعلیم نے کہاکہ کراچی یونیورسٹی کے بعد یہاں کسی نئی جامعہ کی بنیاد نہ رکھنا اس شہر کے مستقبل سے دشمنی ہے۔