میپکو نادہندگان اور بجلی چوروں کیخلاف آپریشن شروع
کینٹ، سٹی ڈویژن میں چیکنگ،صارفین کی معلومات اپ ڈیٹ، واجبات وصولی
ملتان (خصوصی رپورٹر) سپرنٹنڈنگ انجینئر آپریشن میپکو ملتان سرکل کی ہدایت پر کینٹ اور سٹی ڈویژن کے ایگزیکٹو انجینئرز نے مختلف علاقوں میں چیکنگ اور آپریشنز کا سلسلہ شروع کر دیا۔ ان کارروائیوں کا مقصد بجلی کے نظام کو بہتر بنانا، نادہندگان سے واجبات کی وصولی میں تیزی لانا اور صارفین کی تصدیق شدہ معلومات اکٹھی کرنا ہے ۔ایکسین کینٹ ڈویژن بابر علی گجر اور ایکسین سٹی ڈویژن غلام محی الدین میتلا نے کینٹ، حسن پروانہ، انڈسٹریل اسٹیٹ، پاک گیٹ اور گارڈن ٹاؤن سب ڈویژنز میں ایس ڈی اوز کے ہمراہ فیلڈ وزٹ کیے ۔ ٹیموں نے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور اسماعیل آباد فیڈر پر مینٹیننس ورک کا جائزہ لیا۔ ایگزیکٹو انجینئرز نے ہدایات دیں کہ ترقیاتی کام معیاری ہونے چاہئیں تاکہ صارفین کو بلاتعطل اور محفوظ بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے ۔آپریشن کے دوران نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے خصوصی مہم کے تحت بھاری واجبات کے حامل صارفین کو نوٹس جاری کیے گئے ۔ ایس ڈی اوز ذیشان قریشی، حافظ محمد رضوان، اکرام سیال، محمد علی طاہر اور خوشحال خان کو وصولی کے عمل کو تیز کرنے کے احکامات دیے گئے ۔مزید برآں، مختلف مقامات پر صارفین کے شناختی کارڈز کی تصدیق کی گئی تاکہ بجلی کے کنکشنز کے ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کیا جا سکے ۔ جمع شدہ معلومات کو سسٹم میں درج کیا جائے گا تاکہ صارفین کے ریکارڈ شفاف اور جدید خطوط پر استوار ہوں۔