پی پی رہنماکا تاجر وسیاسی رہنماؤں کے اعزاز میں افطار ڈنر
رمضان کی فضیلت، صبر و برداشت، ایثار ، بھائی چارے پر روشنی ڈالی گئی
ملتان (لیڈی رپورٹر) پیپلزپارٹی کے رہنما و امیدوار این اے 149 رانا عمیر فاروق کی جانب سے اہلیان حلقہ، بلدیاتی نمائندوں اور تاجر رہنماؤں کے اعزاز میں افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جن میں سینیٹر رانا محمود الحسن، سابق ایم پی اے رانا طاہر شبیر، رانا خورشید احمد، رانا آصف سعید ایڈووکیٹ، قاری عبدالرؤف قریشی، جمیل عباسی اور دیگر معززین شامل تھے ۔اس موقع پر رمضان عطاری نے ماہ رمضان کی فضیلت، صبر و برداشت، ایثار اور بھائی چارے کے موضوع پر اظہار خیال کیا اور کہا کہ یہ مقدس مہینہ ضرورت مندوں کی مدد اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے ۔ بعد ازاں یوسف عطاری نے بارگاہِ رسالت مآب ؐ میں ہدیہ نعت پیش کی۔میزبان رانا عمیر فاروق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افطار ڈنر کا مقصد حلقہ کے عوام، منتخب نمائندوں اور تاجروں کے ساتھ روابط مضبوط کرنا اور ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوامی خدمت، جمہوری اقدار کے فروغ اور محروم طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہمیشہ کوشاں رہی ہے اور وہ اسی مشن کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔سینیٹر رانا محمود الحسن نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک عوامی جماعت ہے جو جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتی ہے اور نوجوان قیادت جیسے رانا عمیر فاروق حلقہ کے مسائل کے حل میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔