مہنگائی نے عوام کو مایوسی میں دھکیل دیا:جاوید قصوری
قرضوں کا بوجھ بڑھتا جا رہا، حکومت فوری ریلیف کے اقدامات کرے حکمرانوں کو کفایت شعاری اپنانا ہوگی:امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب
ماہڑہ (نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومتی نااہلی، معاشی بحران اور ناقص پالیسیوں نے 25کروڑ عوام کو مایوسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے ۔ موجودہ حکمرانوں کی پالیسیوں کے باعث ملک مسلسل قرضوں کے بوجھ تلے دبتا جا رہا ہے جس سے نہ صرف قومی خودمختاری متاثر ہو رہی ہے بلکہ ترقی اور خوشحالی کے امکانات بھی معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران نے امریکہ اور اسرائیل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ جرات مند قوم دنیا کی بڑی سے بڑی طاقت کا مقابلہ کر سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت ملک چلانے کیلئے اندرونی و بیرونی قرضوں پر انحصار کر رہی ہے جو کسی صورت دیرپا حل نہیں۔ قرض لے کر معیشت کو سہارا دینا وقتی ریلیف تو دے سکتا ہے مگر اس سے عوام کی زندگیوں میں حقیقی بہتری ممکن نہیں۔ مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں جبکہ حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف ہے ۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے حکمرانوں کو کفایت شعاری اپنانا ہوگی، سرکاری اخراجات کم کرنا ہوiگے اور غیر ضروری مراعات کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری اقدامات کرے ، یوٹیلیٹی بلوں میں کمی لائے اور روزگار کے مواقع پیدا کرے۔