میٹرک امتحانات، نگرانی کیلئے انسپکشن ٹیمیں مقرر
شفاف امتحانات کیلئے مختلف اضلاع میں اچانک معائنہ کیا جائے گا
ملتان (خصوصی رپورٹر)محکمہ ہائر ایجوکیشن نے میٹرک و انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2026 کے دوران امتحانی مراکز کی نگرانی اور شفافیت یقینی بنانے کیلئے مختلف اضلاع میں انسپکشن ٹیمیں مقرر کر دی ہیں۔ یہ ٹیمیں متعلقہ تعلیمی بورڈز کے دائرہ اختیار میں آنے والے اضلاع میں امتحانی مراکز کا دورہ کریں گی۔جاری احکامات کے مطابق وزیر ہائر ایجوکیشن کی سفارشات پر تشکیل دی گئی ٹیمیں امتحانی مراکز کا اچانک معائنہ کریں گی اور امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنائیں گی۔ ٹیمیں نقل کی روک تھام، امتحانی قواعد و ضوابط پر عملدرآمد اور مجموعی نظم و ضبط کا جائزہ لیں گی۔دستاویز کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ملتان کے تحت ضلع خانیوال میں اساتذہ پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے ، جن میں محمد آصف، محمد عمران شفیع، ریاض احمد، عامر شہزاد، عادل ممتاز احمد اور محمد عاقب شہزاد شامل ہیں۔ یہ افسر امتحانی مراکز کا دورہ کر کے اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے ۔اسی طرح بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن سرگودھا کے تحت سرگودھا، خوشاب اور بھکر جبکہ بہاولپور بورڈ کے تحت بہاولنگر میں بھی نگرانی کیلئے ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق ٹیمیں اپنی رپورٹس متعلقہ بورڈز کو پیش کریں گی تاکہ کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔