بوریوالا،کوڑا پھینکنے پر جھگڑا، ڈنڈوں اور کلہاڑیوں سے تشدد
چک 269 ای بی میں ہمسایوں نے بزرگ عبداللطیف اور اہلخانہ پر حملہ کیا
بوریوالا (سٹی رپورٹر) نواحی گاؤں چک نمبر 269 ای بی میں کوڑا پھینکنے کے تنازع پر جھگڑا ہو گیا جس میں ڈنڈوں، سوٹوں، کلہاڑیوں اور آہنی راڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شہری نے ہمسایوں کو کوڑا پھینکنے سے روکا تو معاملہ تلخ کلامی سے بڑھ کر تشدد میں تبدیل ہو گیا۔ملزمان نے بزرگ عبداللطیف اور اس کے اہلخانہ کو نشانہ بنایا اور ان پر ڈنڈوں اور آہنی راڈوں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ اطلاع ملنے پر مقامی افراد نے زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔عینی شاہدین کے مطابق جھگڑا اچانک شدت اختیار کر گیا اور ملزمان نے بغیر کسی خوف کے تشدد کیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔