فوڈ اتھارٹی کی چھاپہ مار کاروائیاں ، جعلی واٹر فلٹریشن پلانٹ سر بمہر

فوڈ اتھارٹی کی چھاپہ مار کاروائیاں ، جعلی واٹر فلٹریشن پلانٹ سر بمہر

معروف برانڈ کے جعلی لیبلز استعمال کئے جارہے تھے ، بوتلوں میں منرل واٹر کے نام پر مضرصحت پانی پایا گیا ، سینکڑوں لٹر پانی ضائع، مالکان کیخلاف مقدمہ درج ،کارروائی شروع

 ملتان(لیڈی رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی میاں چنوں میں بڑی کامیابی عبداللہ ٹاؤن میں قائم واٹر فلٹر پلانٹ پر چھاپہ مار کر جعلسازی کا بڑا نیٹ ورک توڑ دیا گیا۔ یونٹ مشہور برانڈز کے جعلی لیبلز کا استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو مضرِ صحت پانی پلانے میں ملوث پایاگیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم کی انسپکشن کے دوران انکشاف ہوا کہ پلانٹ مالک غیر قانونی طریقے سے مشہور کمپنیوں کے نام پر جعلی پانی کی بوتلوں کی ری فلنگ کر رہا تھا۔ موقع سے برآمد ہونے والے لیبلز اور پیکنگ مواد مکمل طور پرمختلف برانڈزسے مشابہت رکھتے تھے ، جس کا مقصد سادہ لوح شہریوں کو دھوکہ دینا تھا۔ اس کے علاوہ پلانٹ پر حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں پائی گئیں، جن میں فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹس کا نہ ہونا اور صفائی کے ناقص انتظامات شامل تھے ۔فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کے دوران150 لٹر پیک شدہ پانی، 100 خالی بوتلیں تحویل میں لیں اور جعلی لیبلنگ کا تمام سامان ضبط کر کے مالک کے خلاف تھانہ میں مقدمہ درج کرواتے ہوئے پلانٹ کو تالہ بندی کر کے پروڈکشن غیر معینہ مدت کے لئے بند کر دی۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ شہریوں کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے اور پانی کے نام پر زہر بیچنے والوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔ اس طرح کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن اب پورے صوبے میں مزید سخت کیا جائے گا۔انہوں نے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقے میں کسی بھی مشکوک واٹر پلانٹ یا غیر معیاری خوراک کی فروخت کی اطلاع ہیلپ لائن 1223 پر ضرور دیں۔ آپ کی فراہم کردہ معلومات سے نہ صرف قانونی کارروائی میں مدد ملے گی بلکہ انسانی جانوں کو محفوظ بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں